اسماءُ الحسنیٰ
اللہ کے 99 ناموں کی فضیلت، معنی اور ذکر کا صحیح طریقہ’حصہ اول’
اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اپنی پہچان کا ایک راستہ اپنے ناموں کو بنایا ہے۔ ہم جب کسی مشکل میں “یا رزّاق” کہتے ہیں یا گناہ کے بعد “یا غفّار” پکارتے ہیں، تو دراصل ہم اللہ تعالیٰ کو اسی کے بتائے ہوئے ناموں کے ساتھ پکار رہے ہوتے ہیں۔ یہی اسماءُ الحسنیٰ ہیں۔ ہمارے پچھلے مضمون رزق میں برکت کا وظیفہ میں بھی یہی اصول کارفرما تھا: اللہ کے نام لے کر مانگنا، اور اس پر توکل رکھنا۔ توکل کی حقیقت کیا ہے، یہ ہم پہلے “توکل کیا ہے” میں تفصیل سے بیان کر چکے ہیں۔
- اسماءُ الحسنیٰاللہ کے 99 ناموں کی فضیلت، معنی اور ذکر کا صحیح طریقہ'حصہ اول'
- اسماءُ الحسنیٰ کیا ہیں؟
- قرآن مجید میں اسماءُ الحسنیٰ کا حکم
- ننانوے ناموں والی حدیث
- کیا اللہ کے نام صرف ننانوے ہیں؟
- اسماءُ الحسنیٰ کے ساتھ دعا اور ذکر کے آداب
- اسمِ اعظم کیا ہے؟
- دعا قبول ہو تو کیا پڑھیں؟
- اسماء الحسنیٰ کے فوائد و ثمرات
- ایک سادہ اور متوازن روزانہ معمول
- عام غلطیاں جن سے بچنا چاہیے
- اکثر پوچھے گئے سوالاتFAQ
- مزید تفصیل کے لیے
اس مضمون میں ہم ترتیب سے دیکھیں گے: اسماءُ الحسنیٰ کیا ہیں، ننانوے ناموں والی حدیث کا اصل مفہوم، اسمِ اعظم کسے کہتے ہیں، دعا و ذکر کے آداب، اور بزرگانِ دین سے منقول چند معمولات — جنہیں حدیث سے ثابت باتوں سے الگ رکھ کر سمجھنا ضروری ہے۔
اسماءُ الحسنیٰ کیا ہیں؟
“”اسماء” اسم کی جمع ہے یعنی نام، اور “الحسنیٰ” کا مطلب ہے بہترین اور خوب ترین۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کے ناموں کو “اسماءُ الحسنیٰ” کہا گیا ہے، یعنی ایسے نام جو حسن و کمال کے آخری درجے پر ہیں۔
امام فخر الدین رازیؒ نے ان ناموں کو “حسنیٰ” کہنے کی تین وجوہات بیان کی ہیں۔
٭ذات کا کمال: اللہ تعالیٰ کی ذاتِ گرامی سب سے بلند اور ہر نقص سے پاک ہے۔ ذات اپنے ناموں ہی سے پہچانی جاتی ہے۔
٭صفات کا اظہار: ان ناموں میں اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، جلال و عزت، احسان، رحم و کرم اور اس کے بے مثل ہونے کا بیان ہے۔ ہر نام اس کی گواہی دیتا ہے کہ وہی رحمٰن بھی ہے، رحیم بھی، خالق بھی اور واحد بھی۔
٭شرکت سے پاکی: ان ناموں سے اللہ تعالیٰ نے اپنی حمد کے قابل صفات ظاہر فرمائی ہیں، جن میں کوئی اس کا شریک نہیں۔
قرآن مجید میں اسماءُ الحسنیٰ کا حکم
سب سے صریح حکم سورۃ الاعراف میں ہے۔

(الاعراف: 180)
ترجمہ: اور اللہ ہی کے لیے اچھے نام ہیں، پس انہی سے اسے پکارو، اور ان لوگوں کو چھوڑ دو جو اس کے ناموں میں کج روی کرتے ہیں۔
اس آیت سے تین باتیں سامنے آتی ہیں: اللہ کے نام اچھے ہیں، انہی ناموں سے دعا مانگنے کا حکم ہے، اور ناموں میں کج روی سے منع کیا گیا ہے۔ دعا کے ادب و آداب کا مکمل بیان ہم پہلے “دعا کے آداب”میں کر چکے ہیں، اور جیسا وہاں بتایا گیا، وہی آداب یہاں اسماء کے ساتھ دعا پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔
سورۃ الاسراء (110) میں فرمایا: “اللہ کہہ کر پکارو یا رحمٰن کہہ کر، جس نام سے بھی پکارو، سب اچھے نام اسی کے ہیں۔” اور سورۃ الحشر (24) میں تین نام ایک ساتھ بیان ہوئے: الْخَالِقُ الْبَارِئُ الْمُصَوِّرُ۔
ننانوے ناموں والی حدیث
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے، نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
إِنَّ لِلَّهِ تِسْعَةً وَتِسْعِينَ اسْمًا، مِائَةً إِلَّا وَاحِدًا، مَنْ أَحْصَاهَا دَخَلَ الْجَنَّةَ (بخاری، مسلم)
ترجمہ: بے شک اللہ کے ننانوے نام ہیں، ایک کم سو، جس نے انہیں “محفوظ کر لیا” وہ جنت میں داخل ہوا۔
“احصاء” کا مطلب کیا ہے؟
علمائے کرام نے اسے تین درجوں میں بیان کیا ہے۔
٭الفاظ یاد کرنا: ناموں کو گن کر اور یاد کر کے زبان پر جاری رکھنا۔
٭معنی اور تقاضے سمجھنا: ہر نام کا مفہوم جاننا اور ان صفات پر غور کرنا۔
ان کے مطابق زندگی ڈھالنا اور ان سے دعا کرنا۔
جو شخص “الرَّزَّاق” پڑھتا ہے اور دل میں یقین رکھتا ہے کہ رزق اللہ ہی دیتا ہے، وہ حرام کمائی سے بچے گا۔ جو “الغفّار” پڑھتا ہے وہ توبہ کی طرف بڑھے گا۔ اسم کا ورد اسی وقت پورا فائدہ دیتا ہے جب اس کی صفت کا رنگ زندگی میں بھی نظر آئے۔
کیا اللہ کے نام صرف ننانوے ہیں؟

بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اللہ کے نام بس یہی ننانوے ہیں۔ یہ درست نہیں۔ اس حدیث کا مطلب یہ نہیں کہ ناموں کی تعداد ننانوے پر ختم ہے، بلکہ ان ننانوے کو “احصاء” کرنا جنت میں داخلے کا سبب ہے۔ اس کی تائید میں چند باتیں ہیں۔
٭قرآن میں کئی نام ایسے ہیں جو عام مشہور فہرست میں نہیں آتے، مثلاً الرب، المولیٰ، النصیر۔
٭احادیث میں بھی الحنّان، المنّان، الجمیل جیسے نام آتے ہیں۔
٭نبی کریم ﷺ کی مسنون دعا کے الفاظ ہیں: “اے اللہ! میں تجھ سے تیرے ہر اس نام کے واسطے سے سوال کرتا ہوں جس سے تُو نے اپنے آپ کو موسوم کیا، یا اپنی کتاب میں نازل کیا، یا اپنی مخلوق میں سے کسی کو سکھایا، یا اپنے علمِ غیب میں مخصوص رکھا” (مسندِ احمد)۔
عام طور پر ننانوے کی مشہور فہرست جامع ترمذی کی ایک روایت میں آئی ہے۔ محدثین کی ایک بڑی جماعت کے نزدیک یہ تفصیلی فہرست خود نبی ﷺ سے ثابت نہیں، بلکہ راوی کے ذریعے آئی ہے۔ اس لیے کسی ایک فہرست پر اس طرح اصرار نہ کریں کہ باقی ناموں کی نفی ہو جائے، اور ہر نام کو اسی معنی میں استعمال کریں جو شریعت نے بتایا۔.
اسماءُ الحسنیٰ کے ساتھ دعا اور ذکر کے آداب
بزرگوں نے اسماءُ الحسنیٰ کے ذکر اور دعا میں جو شرائط لکھی ہیں، ان کا خلاصہ یہ ہے۔
٭اخلاص: نیت میں رضائے الٰہی کی طلب ہو، صرف دنیوی مقصد نہ ہو۔
٭معنی کا استحضار: پڑھتے وقت نام کا مطلب دل میں ہو۔
٭باوضو اور قبلہ رخ ہونا۔
٭عاجزی اور نیاز سے دعا کرنا۔
٭محنت اور جائز اسباب اختیار کرنا۔
٭فضل پر توکل رکھنا۔
ہر معمول کے شروع اور آخر میں درود شریف پڑھا جائے، اور کوئی عمل تنہا شروع کرنے کے بجائے مستند رہنمائی میں کیا جائے۔ کسی بھی نئی حاجت کے لیے، جیسے شادی کی مشکل میں، پہلے استخارہ کرنا بھی سنت ہے — اس کا مکمل طریقہ ہم “استخارہ کیسے کریں” میں بیان کر چکے ہیں۔
اسمِ اعظم کیا ہے؟

احادیث میں جن کلمات کو “اسمِ اعظم” فرمایا گیا، ان میں سے چند یہ ہیں۔
٭ایک صحابی کی دعا (ابوداؤد، ترمذی)۔
اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ بِأَنَّكَ أَنْتَ اللَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ الْأَحَدُ الصَّمَدُ الَّذِي لَمْ يَلِدْ وَلَمْ يُولَدْ وَلَمْ يَكُنْ لَهُ كُفُوًا أَحَدٌ
نبی ﷺ نے فرمایا: اس نے اللہ سے اس کے اسمِ اعظم کے ساتھ سوال کیا، جس کے ساتھ مانگا جائے تو وہ عطا فرماتا ہے۔
٭دعائے یونس علیہ السلام (ترمذی، مستدرک حاکم)
لَا إِلَهَ إِلَّا أَنتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنتُ مِنَ الظَّالِمِينَ (الانبیاء: 87)
٭“یَا حَیُّ یَا قَیُّومُ”: سنن اربعہ میں اسمِ اعظم کے طور پر اسی کا ذکر آیا ہے۔ سورۃ البقرہ کی آیت الکرسی اور سورۂ آلِ عمران کی ابتدائی آیات کو بھی اسمِ اعظم فرمایا گیا۔ آیت الکرسی کے مکمل فضائل اور خواص پر ہم پہلے ایک الگ مضمون “آیت الکرسی کا راز”میں لکھ چکے ہیں، جو اسی حفاظتی سلسلے کی کڑی ہے۔
٭حضرت انسؓ کی روایت (ترمذی): نبی ﷺ کسی پریشانی میں فرماتے: يَا حَيُّ يَا قَيُّومُ بِرَحْمَتِكَ أَسْتَغِيثُ۔
٭”یا ارحم الراحمین”: مستدرک حاکم کی روایت ہے کہ جو تین بار یہ کلمہ پڑھے، فرشتہ اسے کہتا ہے: “مانگ! بے شک ارحم الراحمین” تیری طرف متوجہ ہوا۔
واضح رہے کہ اکثر روایات ایک ہی حقیقت کی طرف اشارہ کرتی ہیں: دعا کی قبولیت کا اصل راز اللہ کے ناموں کے ساتھ توحید، عاجزی اور خلوص سے مانگنے میں ہے۔
دعا قبول ہو تو کیا پڑھیں؟
مستدرک حاکم کی روایت کے مطابق جب دعا کی قبولیت ظاہر ہو تو یہ کلمات پڑھے جائی۔
الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي بِعِزَّتِهِ وَجَلَالِهِ تَتِمُّ الصَّالِحَاتُ
اسماء الحسنیٰ کے فوائد و ثمرات

سلسلۂ عالیہ سیفیہ کے حضرت اخوند زادہ سیف الرحمن مبارک پوری و خراسانی اپنی مجالس میں اسماء الحسنیٰ کی شرح بیان فرماتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں’
اسمِ ذات: اللہ
جو شخص روزانہ ایک ہزار مرتبہ اسمِ ذات “اللہ” کا ذکر کرے، اللہ تعالیٰ اسے کمالِ یقین نصیب فرماتے ہیں۔
اور جو شخص جمعہ کے روز نمازِ جمعہ سے قبل پاک و صاف ہو کر تنہائی میں دو سو مرتبہ”اللہ”پڑھے، تو اس کے لیے مشکل سے مشکل کام بھی آسان ہو جاتا ہے۔
اسی طرح اگر کوئی مریض ایسا ہو کہ اس کے علاج سے اطباء عاجز آ چکے ہوں، تو اس پر “اسمِ ذات”
| مقصد | منقول معمول | معنی | اسمِ مبارک |
| قلب کی غفلت و نسیان سے نجات؛ مکروہ امور سے حفاظت | ہر نماز کے بعد 100 بار | بہت مہربان | الرَّحْمٰن |
| قلب میں رقت و شفقت؛ ناگوار امور سے حفاظت | روزانہ 100 بار | نہایت رحم فرمانے والا | الرَّحِيم |
| صفائیِ قلب اور ظاہری یا باطنی غنا | زوال کے وقت 120 بار | بادشاہ، مالک | الْمَلِك |
| آفات سے حفاظت اور عبادت کی توفیق | جمعہ کے بعد 185 بار | پاکیزہ و منزہ | الْقُدُّوس |
| شفا کی دعا اور سلامتی | مریض کے سرہانے 136 بار | سلامتی دینے والا | السَّلَام |
| امن، قوت اور ایمان | خوف کے وقت 36 بار | امن دینے والا | الْمُؤْمِن |
| عالی ہمتی اور حوصلہ | غسل کے بعد دو رکعت نفل، پھر 100 بار | نگہبان و محافظ | الْمُهَيْمِن |
| ظاہری و باطنی غنا اور عزت | روزانہ 41 بار | غالب و عزت والا | الْعَزِيز |
| ظالموں کے شر سے حفاظت | صبح و شام 216 بار | زبردست اقتدار والا | الْجَبَّار |
| بزرگی و برکت؛ اولادِ نرینہ کے لیے منقول | کثرت سے ذکر؛ شبِ زفاف سے قبل 10 بار | بڑائی والا | الْمُتَكَبِّر |
| آفات سے حفاظت | ٭7 روز، روزانہ 100 بار | پیدا کرنے والا | الْخَالِق |
| حمل اور اولاد کے لیے منقول | افطار کے بعد 21 بار | صورت دینے والا | اَلْبَارِیْ اَلْمُصَوِّر |
| تنگی دور ہونے اور رزق کی کشادگی کے لیے منقول | جمعہ کے بعد 100 بار | بہت بخشنے والا | الْغَفَّار |
| دنیا کی محبت کم؛ دشمنوں پر غلبہ | کثرت سے ذکر | سب پر غالب | الْقَهَّار |
| غنا، قبولیت، ہیبت و بزرگی | چاشت کے آخری سجدے میں 14 بار | بہت عطا کرنے والا | الْوَهَّاب |
| رزق میں وسعت | فجر سے پہلے گھر کے کونوں میں 10،10 بار | رزق دینے والا | الرَّزَّاق |
| امور میں آسانی، قلب کی طہارت و نورانیت | فجر کے بعد سینے پر ہاتھ رکھ کر 70 بار | کشادگی دینے والا | الْفَتَّاح |
| حقائق و معارف کے انکشاف اور حافظے کی قوت | کثرت و مداومت | سب کچھ جاننے والا | الْعَلِيم |
| بھوک کی تکلیف سے حفاظت | ٭40 روز روٹی کے لقمے پر لکھ کر کھانا | روکنے والا | الْقَابِض |
| رزق میں فراخی | چاشت کے بعد 10 بار | کشادگی دینے والا | الْبَاسِط |
| حاجت پوری ہونے کے لیے منقول | ٭500 بار | پست کرنے والا | الْخَافِض |
| ظالموں سے امن | ٭70 بار | بلند کرنے والا | الرَّافِع |
| دلوں میں ہیبت و عزت | دوشنبہ و جمعہ کی رات، مغرب کے بعد 40 بار | عزت دینے والا | الْمُعِزّ |
| حاسد کے حسد سے حفاظت؛ حق کی وصولی | ٭75 بار، پھر دعا | ذلت دینے والا | الْمُذِلّ |
| دعا کی قبولیت کے لیے منقول | جمعرات، چاشت کے بعد 500 بار | سب کچھ سننے والا | السَّمِيع |
| بصیرت اور نیک اعمال کی توفیق | جمعہ کے بعد 100 بار | سب کچھ دیکھنے والا | الْبَصِير |
| قلب کو محلِ اسرار بنانے کے لیے منقول | نصف شب، باوضو، حضورِ قلب سے | فیصلہ کرنے والا | الْحَكَم |
| دلوں میں اثر و قبولیت کے لیے منقول | شبِ جمعہ روٹی کے ٹکڑوں پر لکھ کر کھانا | عدل کرنے والا | الْعَدْل |
| رزق میں وسعت اور کاموں میں آسانی | ٭133 بار | نہایت مہربان و لطیف | اللَّطِيف |
| مخفی امور کے علم اور مشکل سے نجات کے لیے منقول | ٭7 دن کثرت سے | باخبر | الْخَبِير |
| سرداری میں استحکام؛ پیشے اور سامان میں برکت کے لیے منقول | کثرت سے ذکر | بردبار | الْحَلِيم |
| عزت اور شفا کے لیے منقول | کثرت سے ذکر | عظمت والا | الْعَظِيم |
| بخار دور ہونے کے لیے منقول | بخار والے کے لیے 3 بار لکھ کر باندھنا | بہت بخشنے والا | الْغَفُور |
| تنگی، تھکن اور ضعف میں نفع کے لیے منقول | لکھ کر بدن پر پھیرنا | قدردان، | الشَّكُور |
| بچے کی نشوونما، سفر اور حاجت کے لیے منقول | لکھ کر بچے کو باندھنا؛ مسافر پاس رکھے | بلند و برتر | الْعَلِيّ |
| علم و معرفت میں کشادگی؛ زوجین میں الفت کے لیے منقول | کثرت سے ذکر | بہت بڑا | الْكَبِير |
| خوف اور آفات سے حفاظت | ذکر یا لکھ کر پاس رکھنا | حفاظت کرنے والا | الْحَفِيظ |
| قوت و غذائیت اور سفر کی وحشت سے حفاظت کے لیے منقول | مسافر پانی پر 7 بار پڑھ کر پئے | قوت دینے والا | الْمُقِيت |
| حساب یا معاملے کے خوف میں اطمینان | 7 دن، طلوعِ آفتاب سے پہلے اور مغرب کے بعد 20 بار | حساب لینے والا، | الْحَسِيب |
| قدر و منزلت میں اضافہ | ذکر یا مشک و زعفران سے لکھ کر پاس رکھنا | بزرگ و جلیل | الْجَلِيل |
| لوگوں کے دلوں میں اکرام و عزت | سوتے وقت کثرت سے | بہت کرم والا | الْكَرِيم |
| مال و عیال کی حفاظت؛ گمشدہ چیز کے لیے منقول | کثرت سے ذکر؛ حاجت یا خوف میں 7 بار | نگہبان | الرَّقِيب |
| قبولیتِ دعا کے لیے منقول | دعا کے ساتھ ذکر | دعا قبول کرنے والا | الْمُجِيب |
| ظاہری و باطنی غنا، فراخ حوصلگی و بردباری | کثرت سے ذکر | وسعت والا | الْوَاسِع |
| مصائب سے نجات اور علم و حکمت میں کشادگی | کثرت سے ذکر | حکمت والا | الْحَكِيم |
| زوجین میں الفت کے لیے منقول | کھانے پر 1000 بار پڑھنا | محبت فرمانے والا | الْوَدُود |
| بیماری سے شفا کے لیے منقول | ایامِ بیض کے روزوں کے ساتھ کثرت سے | بزرگ و صاحبِ مجد | الْمَجِيد |
| قلب کو علم و حکمت سے منور کرنے کے لیے منقول | سوتے وقت سینے پر ہاتھ رکھ کر 100 بار | اٹھانے والا | الْبَاعِث |
ایک سادہ اور متوازن روزانہ معمول
٭درود شریف سے شروع کریں۔
٭اسمِ ذات “اللہ” کا ذکر کریں۔
٭اپنی ضرورت کے مطابق ایک نام چنیں: رزق کے لیے “یا رزّاق”، توبہ کے لیے “یا غفّار”، پریشانی کے لیے “یا حیّ یا قیّوم”۔
٭اس کے معنی پر غور کریں۔
٭آخر میں درود شریف پڑھ کر اپنی حاجت عاجزی سے مانگ لیں۔
نظر بد یا کسی خوف کی صورت میں، اسماء کے ساتھ ساتھ معوذتین کا اہتمام بھی کریں — اس کی تفصیل ہم “نظر بد کی نشانیاں“میں دے چکے ہیں۔ اور جو حفاظتی معمول رات کے وقت لازم ہے، وہ “سورۂ مزمل کا راز“ میں بیان شدہ رات کے قیام سے جڑا ہے۔
عام غلطیاں جن سے بچنا چاہیے

٭صرف دنیوی مقصد کے لیے اسماء کا ورد، اصل مقصد اللہ کی معرفت اور رضا ہے۔
٭یہ سمجھنا کہ عدد میں کمی سے اثر ختم ہو جائے گا۔
٭نام کو خود مؤثر سمجھنا، اثر اللہ کے حکم سے ہے۔
٭اپنی طرف سے نام گھڑنا۔
٭بغیر رہنمائی طویل عملیات شروع کرنا۔
٭بیماری میں صرف وظیفے پر انحصار، علاج ترک نہ کریں۔
اکثر پوچھے گئے سوالاتFAQ
٭کیا اللہ کے نام صرف ننانوے ہیں؟
نہیں۔ حدیث میں ننانوے ناموں کو شمار کرنے کی فضیلت بتائی گئی ہے، ناموں کو محدود نہیں کیا گیا۔
٭ہر نام کا وظیفہ کیا حدیث سے ثابت ہے؟
نہیں۔ اسماء سے دعا کرنا قرآن و حدیث سے ثابت ہے، جبکہ ہر نام کی مخصوص تعداد زیادہ تر بزرگوں کے تجربات میں سے ہے۔
٭کیا بغیر وضو اسماء پڑھ سکتے ہیں؟
ذکر بغیر وضو بھی ہو سکتا ہے، مگر باوضو اور قبلہ رخ ہونا بہتر ہے۔
٭بیماری، قرض یا رزق کے لیے کون سا نام پڑھیں؟
ہر مقصد کے لیے بزرگوں سے منقول اسماء موجود ہیں (رزق کے لیے رزّاق، وہّاب، فتّاح)، مگر اصل چیز اخلاص اور جائز اسباب ہیں۔
اسماءُ الحسنیٰ صرف یاد کرنے کی چیز نہیں، ایک تعلق کا نام ہیں۔ قرآن نے ان کے ساتھ پکارنے کا حکم دیا، حدیث نے ان کے “احصاء” پر جنت کی بشارت دی، اور بزرگوں نے ان کے ذکر کو تزکیہ اور قربِ الٰہی کا ذریعہ بنایا۔
اے اللہ! ہمیں اپنے اسمائے حسنیٰ کو یاد کرنے، انہیں سمجھنے اور ان کے تقاضوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرما۔ آمین۔
مزید تفصیل کے لیے

اس مضمون میں ہم نے اسماءُ الحسنیٰ کی فضیلت، اسمِ اعظم اور چند منتخب معمولات بیان کیے ہیں۔ اسماء کے مزید خواص، معمولات اور ان کی تفصیلی ترتیب کتاب “بہارِ سیفیہ” (حصہ سوم) میں درج ہے۔ یہ کتاب حضرت سیف الرحمن مبارک کے مجرب عملیات و وظائف کا مجموعہ ہے، جسے پیر محمد رمضان رضوی سیفی نے مرتب کیا۔
یہ کتاب صرف مَرکزِ اسلام کے ذریعے دستیاب ہے، اور اب اسے آن لائن بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

